چندی گڑھ، 22/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی ) ہریانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس کی ہریانہ یونٹ کے سینئر لیڈران نے بدھ کے روز دہلی میں ایک انتہائی اہم میٹنگ کی جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ٹکٹ تقسیم میں ان لوگوں کو توجہ ملے گی جن کے جیتنے کے امکانات روشن ہیں اور جو پارٹی کے تئیں وفادار بھی ہیں۔
ہریانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی ریاستی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں ممکنہ امیدواروں اور تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس میٹنگ میں سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا، ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر اودے بھان، انچارج دیپک بابریا، چودھری بیریندر سنگھ، پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری کماری شیلجا، رندیپ سرجے والا اور کئی دیگر لیڈران موجود تھے۔
میٹنگ کے بعد پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی جی کا واضح پیغام ہے کہ جو لوگ مضبوط اور وفادار ہیں انھیں ٹکٹ دینے میں ترجیح دی جانی چاہیے۔ ہمارے انچارج نے میٹنگ میں اسی بات پر زور دیا۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ آئندہ کچھ دنوں کے اندر امیدواروں کے سلیکشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ ہریانہ میں سبھی 90 اسمبلی سیٹوں کے لیے یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور ووٹ شماری 4 اکتوبر کو ہوگی۔ ہریانہ میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے۔ اس کی مدت کار 3 نومبر کو مکمل ہو رہی ہے۔ ریاست میں کانگریس اہم اپوزیشن پارٹی ہے اور اس مرتبہ حکومت تشکیل دینے کے لیے پرعزم نظر آ رہی ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخاب کے بعد ریاست میں بی جے پی نے جے جے پی کے ساتھ مل کر اتحاد والی حکومت بنائی تھی، لیکن اب جے جے پی الگ ہو چکی ہے۔